Dec ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایران کا خط

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے سیستان و بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی جانب سے حملے کی مذمت کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس طرح کے وحشیانہ اور قابل نفرت دہشتگردانہ اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے اور اس حملے کے ذمہ داروں پر مقدمہ چلانے اور انھیں کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس حملے کی واشگاف الفاظ میں ممکنہ سخت ترین الفاظ میں مذمت کریں ۔ انھوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایران کا یہ مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے اس واضح و پائیدار موقف کے مطابق اور اس کی تائید و تصدیق کرتا ہے جن کی قراردادوں میں دہشتگردی کو عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ایران کے مسقتل مندوب نےسلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس خط کو سلامتی کونسل کی دستاویز کے عنوان سے درج کیا جائے۔

ایران کے وزيرخارجہ امیرعبداللہیان نے بھی اس دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی پیشرفت اور امن و سیکورٹی کے دشمنوں کے دہشتگردانہ اقدامات ملک اور سیستان و بلوچستان کے امن و ترقی کو روک نہیں سکتے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بھی راسک کے پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں اور دشمن کے آلہ کار ایجنٹوں کے اس حملے اور ایران و ملت ایران کے محافظوں کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں اس دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خاندان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہيں کہ وزارت خارجہ ، دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ملک کے متعلقہ اداروں کے ساتھ پورا تعاون کرے گی ۔

واضح رہے کہ جمعے کو دہشتگردوں نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ضلع راسک کے ایک پولیس اسٹیشن کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے متعدد پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے ۔

ٹیگس