Dec ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران نے دہشت گردوں کو کھلی وارننگ دے دی، سخت انتقام لیا جائے گا

ایران کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے سخت انتقام لیا جائے گا اور پاکستان کو اپنی سرحدوں پر نظر رکھنی چاہئے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی پولیس کے سربراہ اور کمانڈر انچیف نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے راسک شہر اور ملک کے جنوب مشرقی علاقے کی سرحدوں کا فضائی دورہ کیا۔

تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پولیس کے شعبہ کے سربراہ جنرل احمدرضا رادان نے راسک شہر اور ملک کی جنوب مشرقی سرحدوں کا فضائی دورہ کیا۔

جنوب مشرقی سرحدوں کے فضائی دورے کے بعد جنرل احمد رضا رادان راسک پولیس ہیڈ کوارٹر گئے جس پر جیش الظلم دہشت گرد گروہ کے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور ہیڈ کوارٹر میں تعینات جوانوں اور راسک کے پولیس کمانڈر سے ملاقات کی اور عوام کی حفاظت میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

اس دورے کے دوران پولیس فورس کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ آپ نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس ہیڈ کوارٹر پر دشمنوں کا قبضہ نہيں ہونے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ جوانوں نے دشمنوں کو میدان چھوڑنے اور بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

جنرل رادان نے کہا کہ اس واقعے میں شیعہ اور سنی بردار مل کر لڑے اور شہید ہوئے اور ایک بار پھر وطن عزیز کی حفاظت کے لیے شیعہ اور سنی خون جمع ہوئے۔

انہوں نے ایرانی عوام اور پولیس فورس کو یقین دلایا کہ سیکورٹی اہلکار ملک کے خائنوں اور قاتلوں سے سخت انتقام لیں گے۔

انہوں نے تاکید کی کہ ہم حکومت پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سرحد کی حفاظت اور نگرانی میں مزید کوششیں کرے۔

ٹیگس