Dec ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • جنرل موسوی کی شہادت پر صدر ابراہیم رئیسی کا تعزیتی پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ جنرل موسوی کو شہید کرنےکا صیہونی حکومت کا اقدام اس کی عاجزی اور ناتوانی کا ثبوت ہے اور اس جرم کی سزا اس کو ضرور ملے گی۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے جنرل سید رضی موسوی کی شہادت کی مناسبت سے ایک تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ بلاشبہ یہ اقدام صیہونی حکومت کی ناتوانی اور بوکھلاہٹ کی علامت ہے اور اس کو اس جرم کی سزا ہر حال میں ملے گی۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس پیغام میں مزید لکھا کہ دمشق میں جارح صیہونی حکومت کے میزائل حملے میں جنرل سید رضی موسوی کی شہادت پر ہم ایرانی قوم اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں ان کے ساتھیوں کو تعزیت پیش کرتے ہيں-

واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں واقع زینبیہ علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کے حملے کے دوران، شام میں سپاہ پاسداران کے ایک فوجی مشیر سید رضی موسوی جو سید رضی کے نام سے معروف تھے شہید ہوگئے- دمشق میں ہمارے نامہ نگار کے مطابق جنرل موسوی کو زینبیہ کے علاقے میں نشانہ بنایا گيا کہ جس ميں سپاہ کے اس کمانڈر کی شہادت واقع ہوگئی- شہید موسوی سے جنرل قاسم سلیمانی کو ایک خاص انسیت تھی اور ان کی ہمیشہ یہ آرزو تھی کہ جنرل سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر ان کو بھی شہادت نصیب ہو-

ٹیگس