Dec ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب: صیہونی دہشتگردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نےشام میں ایران کے سینئر فوجی مشیر سید رضي موسوی کو شہید کئے جانے کی سخت مذمت کی ہے ۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ سینئر فوجی مشیر سید رضی موسوی کہ جو دمشق کے اطراف میں انسداد دہشتگردی کی کارروائی میں شامی فوج کی مدد کی ذمہ داری انجام دے رہے تھے، مقبوضہ جولان میں اسرائيلی اڈوں سے فائر کئے جانے والے تین میزائلی حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔ ایروانی نے یاد دہانی کرائی کہ یہ مذموم اور دہشتگردانہ کارروائی دو دسمبر کے بعد سے اسرائیل کا دوسرا دہشتگردانہ حملہ ہے اور افسوس کہ صیہونی حکومت کے اس سے قبل کے دہشتگردانہ حملے میں بھی ایران کے دو فوجی مشیر محمد علی عطائی شورچہ اور پناہ تقی زادہ شہید ہوگئے تھے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس اقدام کو پست، بزدلانہ اور دہشتگردانہ سمجھتا ہے اور اس کی کھل کر مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر اس حملے کا مناسب وقت پر بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر و مندوب نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی امن و سیکورٹی کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے اور علاقے میں صیہونی حکومت کے جارحانہ اور دہشتگردانہ اقدامات کی جو عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، بھرپور مذمت کرے۔

ٹیگس