Dec ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل نے جنرل سید رضی موسوی کو شہید کرکے اسٹریٹجک غلطی کی: ایرانی فوج

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنرل سید رضی موسوی کو شہید کرکے ایک اسٹریٹجک غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال نے غاصب صیہونی حکومت کو اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے جہاں اس کا کوئی بھی دہشت گردانہ اور جنون آمیز اقدام نہ صرف یہ کہ اس کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال نہیں کرسکتا بلکہ استقامتی محاذ کے ذریعے اس کا محاصرہ مزید تنگ تر ہونے کا سبب بنے گا۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کا یہ اقدام شام کی ارضی سالمیت، اقتدار اعلی اور عالمی قوانین اور ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس اقدام نے ایک بار پھر اسرائیل کی دہشت گردانہ ماہیت کو دنیا کے سامنے آشکارا کردیا ہے۔

جنرل محمد باقری نے کہا کہ بریگیڈیئر جنرل موسوی شام کی حکومت کی سرکاری دعوت پر فوجی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا طویل تجربہ رکھتے تھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران مسلح افواج کے سربراہ نے واضح کیا کہ صیہونی حکومت غزہ کے خلاف جنگ میں تمام تر دعووں کے باوجود نسل کشی اور وحشیانہ کارروائیوں کے علاوہ کوئی فوجی کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔انہوں نے کہا غاصب صیہونی حکومت اس غزہ کی دلدل سے نکلنے اور اپنے جنگی جرائم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی غرض سے جنگ کا دائرہ پورے خطے میں پھیلانے اور اپنے اتحادیوں کو اس جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اسرائیل کو حتمی نابودی سے بچایا جاسکے۔

دوسری جانب صیہونی دہشت گرد حکومت کے ہاتھوں ایران کے سینیئر فوجی مشیر سید رضی موسوی کی شہادت پر ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے خبردار کیا کہ یہ جرم صیہونی حکومت کے لیے سنگین نتایج کا حامل ہوگا۔

ایران کے وزیر اطلاعات سید اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ یہ گھناؤنا عمل غاصب صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ ماہیت کا ایک اور ثبوت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر قابض سفاک حکومت کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر انٹیلی جنس نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ وحشیانہ جرم اسلامی مزاحمتی محاذ سے نمٹنے میں صیہونی حکومت کی نااہلی اور الاقصی طوفان کے نتائج اور غزہ کے مظلوم اور طاقتور عوام کی مضبوط مزاحمت کو ظاہر کرتا ہے مگر صیہونی حکومت کے اس جرم کے لئے سنگین نتیجہ نکلے گا۔

ٹیگس