ایران کی ترقی و پیشرفت کو دہشت گردی سے نہیں روکا جاسکتا: سیدابراہیم رییسی
ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کی ترقی و پیشرفت کو دہشت گردی سے نہیں روکا جاسکتا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرسیدابراہیم رییسی نے زنجان میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جدید ٹیکنالوجی کا حامل ایک ترقی یافتہ ملک ہے اور یہ جدید ٹیکنالوجی اسے ملک کے جوان ماہرین سے حاصل ہوئی ہے اور اس کی پیشرفت کو دہشت گردی سے نہیں روکاجا سکتا۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں بہت سی صنعتیں منجملہ جوہری صنعت مقامی سطح کی ہے اور اس شعبے میں بہت سے کام انجام پا چکے ہیں اور بہت سے دیگر انجام پا رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایران اپنی پرامن جوہری صنعت بدستور جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ ایران کے جوہری سائنسدانوں کا قتل کر کے اس کی جوہری صنعت کی ترقی کا پہیہ روکا جا سکتا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمن، ایران کی اقتصادی ترقی روکنا چاہتا ہے جبکہ ایرانی قوم نے مختلف سماجی و اقتصادی شعبوں میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ ایران سے دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت پر زور دیتا ہے۔ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت و دفاع، ایران کی اصولی و برحق پالیسیوں کا حصہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور استقامتی محاذ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی سے دشمنی، اس لئے برتی جا رہی ہے کہ ایرانی قوم اور ایران کی قیادت ہمیشہ فلسطینیوں کے دفاع پر زور دیتی رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم ایسے حالات میں جی رہے ہیں کہ علاقے اور پورے عالم اسلام ایک خاص صورت حال سے دوچار ہے اور مختلف مظاہروں میں کرمان کے دہشت گردانہ دھماکوں کی، کی جانے والی مذمت اپنا خاص مفہوم و معنی رکھتی ہے اور عالمی سطح پر غاصب صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری اور غزہ کے مظلوم عوام سے اتحاد و یکجہتی اور حمایت و ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔