امریکی فوجی اڈے پر حملے کا ایران سے کوئی تعلق نہیں ہے، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کا ایران سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام خط میں تاکید کی ہے کہ ایران علاقے میں کسی بھی گروہ یا شخص کے کسی بھی اقدام کا ذمہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے اس خط میں لکھا کہ ایران کا یہ خط اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب کے چھبیس جنوری کے تحریر کردہ خط کا جواب ہے جس میں ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں اور من گھڑت دعوی کیا گيا ہے کہ عراق و شام میں امریکی تنصیبات و فوجیوں پر ہونے والے حملوں میں ایران کی مسلح افواج سے وابستہ گروہ ملوث ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام خط میں تاکید کی ہے کہ تہران، ایران کے خلاف عائد کئے جانےوالے اس قسم کے تمام الزامات اور دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے فرانسیسی چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ ایران کے اس خط کو سلامتی کونسل کی دستاویز کی حیثیت سے درج کرتے ہوئے اس کی کاپی تمام اراکین کو فراہم کی جائے۔