Mar ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران اور برطانیہ کی جمہوریت اور انسانی حقوق کا موازنہ

حسین امیرعبد اللہیان نے کہا کہ اگر ایران اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریفرنڈم کیا جائے اور اس کا موضوع، حکومت کو عوامی حمایت ہو تو شک نہ کریں کہ اس ریفرنڈم میں برطانیہ ہار جائے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے برطانیہ کے چینل-4 کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں حکومت کو عوامی حمایت حاصل  ہے اور ایران میں جمہوریت اور انسانی حقوق، برطانیہ کی جمہوریت اور انسانی حقوق سے کئی گنا بہتر ہے۔

حسین امیرعبد اللہیان نے کہا کہ اگر ایران اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریفرنڈم کیا جائے اور اس کا موضوع، حکومت کو عوامی حمایت ہو تو شک نہ کریں کہ اس ریفرنڈم میں برطانیہ ہار جائے گا۔

برطانیہ کے چینل-چار کے رپورٹر نے ایران میں پارلیمانی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے یہ دعوی کیا کہ ایران کے پچھتر فیصد لوگوں کو حکومت پر اعتماد نہيں ہے جس کا جواب دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے کہا، پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ پچتھر فیصد کے اعداد و شمار آپ کے پاس کہاں سے آئے اور دوسری بات یہ کہ ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد سے آج تک تقریبا ہر سال ایک الیکشن کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ایران کے تمام لوگ شریک ہوئے ہیں۔

وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم ایران میں عوام کو انتخابات میں شرکت کی ترغیب دلاتے ہيں لیکن عدم شرکت کی صورت میں تادیبی کارروائی نہيں کرتے ؛ یہ ایسے حالات میں ہے کہ جب بہت سے مغربی ملکوں میں اگر کوئی انتخابات میں شرکت نہ کرے، تو اسے وقتی طور پر سماجی سہولتوں سے محروم کئے جانے کی سزا دی جاتی ہے بلکہ بعض جگہوں پر تو اسے مالی جرمانہ بھی ادا کرنا ہوتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی جڑیں، ایرانی عوام کے عقائد اور کئی ہزار سالہ تہذیب سے ملتی ہیں، کہا کہ ہم پورے یقین کے ساتھ کہتے ہيں کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں جمہوریت اور انسانی حقوق، برطانیہ کی جمہوریت اور انسانی حقوق سے کئی گنا بہتر ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنی اس گفتگو کے ایک حصے میں غزہ کی جنگ کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کا ذکر کیا اور کہا کہ ہم غزہ میں نسل کشی روکے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ٹیگس