دنیا کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے: صدر ایران
گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں صدر سید ابراہیم رئیسی کی تجاویز پر خاص تاکید کی گئی۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی نے الجزائر میں منعقدہ گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم، جی ای سی ایف، کے ساتویں سربراہی اجلاس میں کہا کہ دنیا کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے اور اس کا مقابلہ کرنے نیز پیش رفت کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون و یکجہتی کی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ جی ای سی ایف کے اراکین کے ایجنڈے میں جدید پالیسیاں اختیار کی جائيں تاکہ گیس کی تجارت سے متعلق ٹیکنالوجی پر اجارہ داری ختم کرنے کے لئے لازمی حالات فراہم ہو سکیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ جی ای سی ایف کا سیکریٹریٹ، گیس کی صنعت میں رکن ممالک کے تکنیکی تجربات کے تبادلے کے لئے ایک میکانزم اختیار کرے تاکہ تمام اراکین ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کو متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے اور اس سے مقابلے اور پیش رفت پر گامزن ہونے کے لئے حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان ہمیشہ سے زیادہ یکجہتی و ہم فکری کی ضرورت ہے۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایندھن کے پاک ذریعے کی حیثیت سے گیس جیسے قدرتی ذخائر کا صحیح استعمال ، نیچر کے تحفظ اور بہتر مستقبل ميں اہم کردار ادا کرے گا۔
صدرمملکت کے اس خطاب کو جی ای سی ایف کے ممبران نے خاص اہمیت دی اور اپنے اختتامی بیان میں قدرتی گیس سے متعلق تحقیقات، ایجادات ، ٹیکنالوجی، طریقہ کار اور وسائل و گنجائشوں کی منتقلی و تبادلے کے لئے رکن ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔