بو موسی ، تنب بزرگ اور تنب کوچک جزیرے ایران کا اٹوٹ حصہ ہیں: ناصر کنعانی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے تین جزیروں بوموسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک کو ایران کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کی ارضی سالمیت کے بارے میں کسی قسم کےمذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا
سحرنیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی چافی نے امیر کویت کے دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر تین ایرانی جزیروں اور آرش گیس فیلڈ کی ملکیت کے بارے میں جاری ہونے والے بیان پر ردعمل میں، اس بیان کی بعض شقوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہيں کہ تینوں جزیرے بوموسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک ایران کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہیں اور اس بیان یا دیگر اجلاس میں ان کا ذکر، سیاسی اور قانونی حیثیت نہیں رکھتا اور اس طرح کے بیانات ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہيں-
آرش گیس فیلڈ کے بارے میں کویت کے دعوے کی تکرار کے بارے میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ بیانات میں یکطرفہ دعوے کرنے سے، دعویدار کا کوئی حق ثابت نہیں ہوتا- ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ کویتی حکومت کے ساتھ تاریخی حقوق اور اپنے دوطرفہ مذاکرات کے ریکارڈ کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران، کویتی حکومت کے ساتھ مشترکہ مفادات کا احترام کرنے والے فریم ورک کے دائرے میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مثبت اور تعمیری ماحول پیدا کرنے اور مشترکہ حقوق اور مفادات کے احترام سے ہی آرش فیلڈ کے حوالے سے منصفانہ معاہدہ طے پا سکتا ہے۔