انسانی حقوق کمیشن سے صیہونی حکومت کو نکالنے کا مطالبہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے انسانی حقوق کمیشن کے سیکریٹری نے اقوام متحدہ کے تین اعلی عہدیداروں کو خط لکھ کر، صیہونی حکومت کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے خواتین سے نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے انسانی حقوق کمیشن کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، معاشی و سماجی کونسل کے سربراہ اور انسانی حقوق کے کمشنر کے نام خط میں، غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم خاص طور پر خواتین و لڑکیوں کے خلاف جرائم کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرائيلی حکومت غزہ کے بےگناہوں کے خلاف انسانیت کے خلاف جرم، جنگي جرم، نسل کشی اور نسلی تصفیہ جیسے تمام عالمی عدالت انصاف میں سماعت کے قابل تمام جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اب تک صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں تیس ہزار سے زائد عام شہری شہید اور بہترہزار سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جن ميں سے ستر فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ انہوں نے اس خط میں زور دیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی رکنیت کا جاری رہنا در اصل انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسان دوستانہ قوانین کا مذاق اڑانا ہے اور اسی طرح کمیشن برائے خواتین اور اس کے اصولوں اور اہداف کی تذلیل ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ آپ سے توقع ہے کہ آپ پوری کوشش کریں گے کہ بچوں، عورتوں اور لڑکیوں کی قاتل یہ حکومت اپنے جرائم کا جواب دینے پر مجبور ہو اور اس کمیشن سے اسے نکال باہر کیا جائے۔