Mar ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • صدر ایران کی طرف سے ولادیمیر پوتین کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اسنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کے روز اپنے ایک پیغام میں ولادیمیر پوتین کو ایک بار پھر روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے اس پیغام میں فروغ پذیر دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

71 سالہ صدر پوتین، جو گزشتہ 25 سال سے روسی مسند اقتدار پر براجمان ہیں، مزید چھ سال تک عہدۂ صدارت پر فائز رہیں گے۔

روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق آج پیر کی صبح 7 بجے تک 99 اعشاریہ 5 فیصد سے زیادہ ووٹوں کی گنتی ہو چکی تھی اور ولادیمیر پوتین 87 اعشاریہ 32 فیصد ووٹوں کے ساتھ 2024 کے صدارتی انتخابات میں سب سے آگے تھے۔

ولادیمیر پوتین کے قریب ترین حریف کمیونسٹ پارٹی کے نکولائی خاری تونوف نے 4 اعشاریہ 3 فی صد ووٹ حاصل کئے ہیں۔ نیو پیپلز پارٹی کے ولادیسلاو داوانکوف 3 اعشاریہ 8 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔  

ٹیگس