ایران اور سعودی عرب کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور
سعودی عرب کے شہر جدے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل اور اس شہر کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے ایک ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، جدے میں ایران کے قونصل جنرل حسن زرنگارنے جدہ چیمبر آف کامرس کے سربراہ محمد یوسف ناغی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سائنسی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
جدے میں ایران کے قونصل جنرل حسن زرنگارنے اس ملاقات میں کہا کہ ایران کے پاس طب و علاج معالجے، سیاحت، تعمیراتی سامان اور تکنیکی انجینئرنگ کی خدمات سمیت ہر قسم کے شعبے میں لین دین کی صلاحیت ہے۔
جدہ چیمبر آف کامرس کے سربراہ محمد یوسف ناغی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقتصادی لین دین اور دونوں ممالک کے تجارتی وفودکی اہمیت پر زور دیا۔
محمد یوسف ناغی نے جدہ کی بندرگاہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے دروازے کے طور پر شہر کی حیثیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی، اقتصادی، اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایران کی صلاحیت و توانائی کا استعمال مفید اور ضروری ہے۔