نیتن یاہو نے غزہ اور امریکہ کے قومی مفادات کو اپنے ذاتی مفادات کے ہاتھوں یرغمال بنا لیا ہے: وزیر خارجہ ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کو تنبیہ کرنے کی غرض سے ضروری تدابیراپنانے کا وقت آن پہنچا ہے-
سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور یورپی یونین کے خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کی تازہ ترین صورتحال اور ایران کے درمیان تعلقات پر ٹیلی فونی گفتگو کی۔ اس گفتگو میں فریقین نے اسلامی جمہوریہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات کو جاری رکھنے اور پابندیوں کی منسوخی کے لیے رابطوں اور ملاقاتوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نے غزہ کی موجودہ صورت حال اور شفا اسپتال میں فلسطینیوں کو پھانسی دینے اور غاصب صہیونی فوج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں کے قتل عام کی چونکا دینے والی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے نیتن یاہو نے غزہ اور امریکہ کے قومی مفادات کو اپنے ذاتی مفادات کے ہاتھوں یرغمال بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی تنبیہ کرنے کی غرض سے ضروری تدابیر اپنانے کا وقت آن پہنچا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ الشفاء اسپتال میں صیہونی جرائم کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایرانی وزیر خارجہ کو نئے ایرانی سال اور ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد دی اور جوہری مذاکرات کو جاری رکھنے اور پابندیاں ہٹانے کی ضرورت پر زور دیا۔