ہم ایرانی قوم کے ساتھ سوگوار ہیں، بشار اسد
اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر نے کہا ہے کہ ایران کے شہید صدر عوام میں محبوب ، ہمدرد و مہربان اور انتھک سعی کوشش کرنے والے تھے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے شام کے صدر بشار اسد کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں، شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر شام میں تین روزہ عام سوگ کے اعلان اور اس ملک کے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد کی آخری رسومات میں شرکت کو بھی سراہا اور کہا کہ شام ایرانی قوم کا اسٹریٹجک پارٹنر اور مستقل دوست ہے۔
محمد مخبر نے کہا کہ حالیہ فضائی حادثے میں ایرانی قوم نے دو بااثر شخصیات، صدر اور وزیر خارجہ کو کھو دیا ہے لیکن ایران کے تمام ادارے ماضی کی طرح اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں اور یہ چیز اسلامی جمہوریہ ایران کا ڈھانچہ مضبوط ہونے اور رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای کی عالمانہ اور مدبرانہ قیادت کی علامت ہے۔ محمد مخبر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کی حکومت ماضی کی طرح مزاحمت کے محور بالخصوص آزاد و خود مختار ملک شام کی مکمل اور ہمہ جہتی حمایت کے اپنے عہد پر قائم ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے بھی ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کر کے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی ایک بااثر شخصیت تھے اور ان کا نام اور یاد شام کے عوام اور حکومت کے ذہنوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
شام کے صدر نے مزید کہا کہ شہید رئیسی نے ہمیشہ اپنے قول و فعل کے ذریعے مزاحمت کے محور اور فلسطین کے نصب العین کی حمایت کی اور دنیا، ان کی اس بات کو یاد رکھے گی۔