ایران کی اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کی پالیسی جاری رہے گی : ایران کے عبوری صدر
ایران کے عبوری صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کی پالیسی جاری رہے گی
سحرنیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے اتوار کو تہران میں سوڈان کے وزیرخارجہ حسین عوض سے ملاقات میں سوڈان کی قوم اور حکومت کی جانب سے شہید صدر آیت اللہ رئيسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں شہید صدر اور وزیرخارجہ کا موثر کردار رہا ہے-
ایران کے عبوری صدر نے زور دے کر کہا کہ اسلامی ممالک اور مسلمانوں کی تشویش پر توجہ ، اسلامی جمہوریہ کی اسٹریٹیجی ہے اور ایران ، سوڈان کی خودمختاری ، پیشرفت اور عوام کے امن و سکون میں مدد کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہيں کرے گا-
اس ملاقات میں سوڈان کے وزیرخارجہ حسین عوض نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وہ سوڈانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایرانی قوم اور حکومت کے لئے تعزیت اور یکجہتی کے پیغام کے حامل ہيں کہا کہ ایران اور سوڈان کے درمیان تعلقات کی بنیاد ، دونوں ملکوں کی دوستی ، انسانی ہمدردی اور اسلامی اصول ہے-
سوڈان کے وزیرخارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مفید اور مضبوط ڈھانچے کو ایک ایسے باندھ سے تعبیر کیا جو بڑے اور سنگین واقعات کے مقابلے میں اس نظام کی حفاظت کرتا ہے-