May ۲۷, ۲۰۲۴ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب کے سلسلے میں دشمن کے اندازے بالکل غلط ہیں: قائم مقام صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی کے سلسلے میں دشمنوں کے اندازہ غلط اور حقیقت کے خلاف ہیں۔

سحر نیوز/ایران: آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر نے اتوار کے روز اپنی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ صدر رئیسی کی شہادت کے بعد انکے جلوس جنازہ میں عوام کی بھرپور اور تاریخی شرکت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کے سلسلے میں دشمنوں کے اندازے بالکل غلط اور حقیقت کے برخلاف ہیں۔

انہوں نے ’’شہید خدمت‘‘ کا عنوان حاصل کرنے والے صدر سید ابراہیم رئیسی کی انتھک اور بے لوث خدمات کے تئیں عوام کی قدردانی کو سراہا اور شہید صدرِ مملکت کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے اور ان سے عوام کو روشناس کرانے پر زور دیا۔ محمد مخبر کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہدا کے جلوس جنازہ میں عوام کی تاریخی اور معنیٰ دار شرکت نے درحقیقت اسلامی انقلاب کے تسلسل کو باقی رکھنے کی راہ میں ایک اور زریں باب رقم کیا ہے۔

ایران کے قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ حالیہ اتفاقات نے یہ ثابت کر دیا کہ ملک کو چلانے میں مرکزی کردار عوام کا ہے اور اگر ملکی عوام پر بھروسہ کیا جائے تو ہر چیلنچ سے نمٹا جا سکتا ہے۔

انہوں نے صدرِ شہید کے قائم کردہ خطوط اور انکی امنگوں سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگرچہ صدر مملکت کی شہادت بڑی تلخ، ناگوار اور ناقابل تلافی تھی مگر اس کے باوجود یہ واقعہ ایران کے قومی اتحاد کے علاوہ اسلامی ممالک کے مابین پائی جانے والی ہم آہنگی کی ایک شاندار تصویر پیش کرنے کا باعث بنا ہے۔

ٹیگس