بانی انقلاب اسلامی کی برسی کا مرکزی پروگرام ان کے مزار پر جاری، رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب
آج ایران میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی پینتیسویں برسی منائی جا رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: بیسویں صدی کے ابتدائی برسوں میں افق عالم پر ظاہر ہونے والے انقلاب اسلامی ایران کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی آفاقی شخصیت کا تابناک سورج چودہ خرداد مطابق چار جون سنہ انیس و نواسی میں غروب ہوا۔ مکتب اسلام کا پروردہ وہی خمینی کہ جس نے اپنی سادگی سے شاہانہ مزاج رکھنے والے سامراج اور اس کے آلہ کاروں کو مات دی، جس نے اپنے افکار اور کردار کی طاقت سے غلامی اور سامراجیت کی زنجیروں میں جکڑے صرف ایرانی عوام ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں حریت و آزادی کا خواب دیکھنے والوں کو شیطانی قوتوں کے چنگل سے چھڑا کر ایک تابناک مستقبل کی جانب گامزن کیا اور اسلامی و قرآنی تعلیمات کی روشنی میں ایک فقیہ کی مرکزیت کے ساتھ ایک نئے اسلامی نظام کے نظریے سے دنیا کو روشناس کرایا۔ پینتیس سال گزر جانے کے بعد آج بھی صرف ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں خمینی بت شکن کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
اسی مناسبت سے آج ایران بھر میں مجالس عزا کے علاوہ خصوصی سمیناروں، نشستوں اور دعائیہ اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کا مرکزی پروگرام تہران کے جوار میں واقع بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر ہی منعقد ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں ایرانی عوام کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفرا اور مہمان بھی شریک ہیں۔ رحلت کے اس مرکزی پروگرام کو قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای خطاب فرما رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہاتوں میں عزائیہ اجتماعات ہو رہے ہیں جہاں معمار انقلاب اسلامی کی روح کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ پاکستان، ہندوستان، عراق، لبنان، شام، یمن اور افغانستان سمیت دیگر ممالک بھی آج بانی انقلاب اسلامی کی یاد میں خصوصی مجالس اور اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔