ایران کے صدارتی امیدواروں کا ایرانی عوام سے وعدہ
ایران میں 28 جون کو صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں جس میں چھے امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور ایرانی قوم ذرائع ابلاغ میں امیدواروں کے درمیان مباحثوں کے بعد ان کے سیاسی ایجنڈوں کو مد نظر رکھ کر ووٹ دیں گے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد قبل از وقت صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 28 جون کو ملک بھر میں عوام صدارتی انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کے بارے میں چھان بین کے بعد 6 امیدواروں محمد باقر قالیباف، امیر حسین قاضی زادہ، سعید جلیلی، مصطفی پور محمدی، مسعود پزشکیان اور تہران کے میئر علی رضا زاکانی کے مابین انتخابی معرکہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو ٹی وی اور ریڈیو پر الگ الگ وقت دیا گیا ہے تاکہ تفصیل کے ساتھ اپنا ایجنڈا اور پالیسی پیش کرسکیں اور رواں صدارتی انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے شہید صدر رئیسی کی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف نے ٹی وی پر اپنےانٹرویو میں کہا کہ اس وقت ایک مقتدر حکمران کو ملک کی ضرورت ہے۔
قالیباف نے کہا کہ افراط زر پر کنٹرول اور اقتصادی ترقی دو انتہائی اہم امور ہیں جن کے بارے میں حکومت کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔
صدارتی امیدوار امیر حسین قاضی زادہ نے اپنا ایجنڈا اور پالیسی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغربی ثقافت کے بجائے ایرانی اور اسلامی ثقافت کی ترویج پر تاکید کریں گے۔ مغربی ثقافت میں انسان کو خودخواہ بنایا جاتا ہے۔
صدارتی امیدوار اور تہران کے میئر علی رضا زاکانی نے ٹی وی پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حکومت کے لئے پانچ سالہ منصوبہ لے کر آیا ہوں۔ میری حکومت عوام کی خدمت کرے گی اور لوگوں کی معاشی مشکلات حل کرنے کے لئے اہم اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے اپنی پالیسی پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کامیاب ہونے کی صورت میں لوگوں کی اقتصادی مشکلات حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
ایک اور صدارتی امیدوار ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ماہرین کے ساتھ مل کرعوام کی مشکلات حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے ہر شعبے میں ملک اور قوم کے ساتھ مخلص افراد کی ضرورت ہے۔ ملک کو ایسے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے جو ملکی مفادات کو ترجیح دیں۔ ملک میں ماہر اور باشعور طبقے کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔
صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے ایک اور امیدوار سعید جلیلی نے اپنا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر مواقع بہت زیادہ ہیں۔ ہمیں ان سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت خطے اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات ایران کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "وعدہ صادق آپریشن" کی وجہ سے ایران نے اپنا حق لے لیا۔ اور آج ایران عالمی سطح پر اپنی بات منوا سکتا ہے۔ ہمیں اس حیثیت کو اپنے عوام کے مفاد میں استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے شہید صدر رئیسی کی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر جان بچانے والی دوائیوں کی تولید پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ملکی برامدات اور انفراسٹرکچر کو توسیع دینے پر توجہ دی جائے گی۔
صدارتی امیدوار حجت الاسلام مصطفی پور محمدی نے اپنا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اور انصاف ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ ہمیں انقلاب اسلامی کے اصل اہداف کے حصول کے لئے کوشش کرنا چاہیے۔ ملکی ترقی کے لئے عدالت اور دولت ضروری ہے۔ دولت عوام کے اختیار میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اورعوام کو درپیش معاشی مشکلات اور مہنگائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔