ایران کے صدارتی امیدوار: ہم بہترین افراد کو ایرانی قوم کی خدمت کے لئے پیش کریں گے
ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کے لئے امیدواروں کی مہم تیز ہوگئی ہے اور سبھی امیدوار جلسے ، میٹنگوں اور سوال و جواب کے مختلف پروگراموں میں شرکت کے ساتھ ہی ٹی وی مناظروں کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں
سحر نیوز/ ایران: صدارتی امیدوار مسعود پزشکیان نے اپنی انتخابی مہم کے تحت قم کا سفر کیا اور حضرت معصومہ قم کی زیارت کے بعد اس شہر میں اپنے انتخابی کمیٹی کے اراکین اور بعض علماء سے ملاقاتیں کیں ۔ اس کے بعد حوزۂ علمیہ قم کے محققین اور مدرسین کی کونسل کے اراکین سے بھی ملاقات کی اور اس کونسل کے بعض اراکین نے ان کی حمایت کا بھی اعلان کیا-
انہوں نے تہران میں اپنے حامیوں کے اجتماع میں کہا کہ اگر میں صدر منتخب ہوگیا تو پوری قوت کے ساتھ عوام، مزدوروں ، لڑکیوں، عورتوں اور کمزوروں کی آواز بن جاؤں گا-
دوسری طرف نامزد صدارتی امیدوار محمد باقر قالیباف نے ایک سیمینار میں انقلابی پارلیمنٹ اور عوامی حکومت کے توسط سے ملک کی طرز حکمرانی کو تبدیل کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہترین افراد کو ایرانی قوم کی خدمت کے لئے پیش کریں گے-
انہوں نے اس پروگرام میں کہا کہ بدعنوانی، نا اہلی کا ناسور ہے اور مضبوط انتظامیہ ہی کامیابی کے ساتھ ملک کا انتظام و انصرام چلا سکتی ہے-
قالیباف نے اسی طرح ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ آج ہم ایسے مسائل سے دوچار ہیں کہ جس کا اعادہ ہمارے لئے سخت ہے اور عوام صرف وعدے وعید سے تھک چکے ہيں لیکن میں ماضی کی طرح وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے وعدوں پر عمل کروں گا۔
ایک اور نامزد صدارتی امیدوار امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ تیرھویں حکومت کے پروگراموں کی حمایت کرتے ہيں-
قاضی زادہ ہاشمی نے ایک سوال کے جواب میں ان کی ممکنہ حکومت کے دور میں امریکہ اور چین جیسی بڑی طاقتوں کے ساتھ تعلقات اور خارجہ پالیسی کے بارے میں کہا کہ ہمارا نعرہ دوستوں کے ساتھ مروت اور دشمنوں کے ساتھ رواداری ہے-
ایران کے صدارتی انتخابات کے ایک اور نامزد امیدوارعلی رضا زاکانی نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے مد نظر خارجہ پالیسی کے بارے میں وضاحت دی- زاکانی نے ہفتے کی رات کو تہران کی مسجد ابوذر میں عوام سے خطاب کیا اور کہا کہ ہم میدان میں اپنی بھرپور موجودگی کے ساتھ شہید رئیسی کی راہ کو جاری رکھیں گے-
ایک اور نامزد امیدوار حجۃ الاسلام مصطفی پور محمدی نے بھی ایران نیوز چینل کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں کہا کہ اقتصادی مسائل سے بڑھ کر، اہم ترین مسئلہ اعتماد کا ہے یعنی معیشت کا فعال شعبہ ہماری پالیسیوں اور حکومت پر اعتماد کرے اور حکومت بھی ان پر اعتماد اور بھروسہ کرے-
ایک اور نامزد امیدوار سعید جلیلی نے بھی اتوار کو تاجروں ، کاروباری افراد اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ بعض صنعتی مسائل کی جڑیں بہت قدیمی ہیں کہ جن کے لئے خصوصی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے-
سعید جلیلی نے مزید کہا کہ حکومت کی کمزوریوں کو دوسرے بیان کریں تاکہ حکومت صحیح راستے پر گامزن ہوسکے۔
سعید جلیلی نے کہا کہ ملک کے لئے ایک روڈمیپ کی ضرورت ہے یعنی یہ جاننا ضروری ہے کہ اصل میں مشکل کہاں ہے تاکہ اسے حل کیا جاسکے.