ایرانی انتخابات کا حسن، 100 سالہ خاتون نے ووٹ کاسٹ کیا
ایران کے صوبے خوزستان کی ایک سن رسیدہ خاتون نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد کے تمام انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: صدارتی انتخابات ہوں یا پارلیمانی انتخابات یا کوئی اور انتخابات، ووٹنگ کے دوران کچھ ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جو ہمیشہ کے لئے یادگار اور تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں ۔ آج ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کی ووٹنگ کے دوران بھی ایسا ہی ایک دلچسپ اور تاریخی واقعہ رونما ہوا ہے۔
ایران کے صوبے خوزستان کے دیہی علاقے اندیکایی کی رہنے والی ایک 100 سالہ بوڑھی خاتون نے کہولت سن کے باوجود پولنگ اسٹیشن پر جا کر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
خوزستان کی یہ سن رسیدہ خاتون 1923 عیسوی میں خوزستان کے دیہی علاقے اندیکایی میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد کے تمام انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
واضح رہے کہ آج ایران میں چودھویں صدارتی انتخابات کے لئے ایرانی عوام ووٹ ڈال رہے ہیں، ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا ۔