ایران کے دو صدارتی امیدواروں کے درمیان آخری ٹی وی مباحثہ
ایران کے دو صدارتی امیدواروں سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان دوسرا اور آخری براہ راست ٹی وی مباحثہ گزشتہ شب منعقد ہوا جو دیر رات تک جاری رہا۔
سحرنیوز/ایران: گزشتہ شب ہونے والے پرحرارت مباحثے کا موضوع اقتصاد تھا جس میں مہنگائی، مکان، شیئربازار، انرجی، گاڑیوں کی درآمدات اور جامع ایٹمی معاہدہ سے جڑے مسائل پر دونوں امیدواروں سے سوالات پوچھے گئے۔ دونوں صدارتی امیدواروں نے اپنے منصوبوں اور پالیسیوں کو بیان کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
صدارتی امیدوار سعید جلیلی نے اپنے حریف مسعود پزشکیان سے کچھ سوالات پوچھے اور ساتھ ہی ان کے بعض بیانات پر کڑی نکتہ کا کہنا تھا کہ ان کو ابھی بعض مسائل کے بارے میں ابتدائی معلومات تک نہیں ہے، ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، اس لئے یہ عہدہ صدارت کے لئے مناسب آپشن نہیں کیوں کہ ملکی معاملات وہی حل کر سکتا ہے جسے مسائل کے بارے میں مکمل معلومات ہو اور وہ اس کے لئے ماضی میں منصوبہ بندی کر چکا ہے۔
اُدھر مسعود پزشکیان نے خود کو کسی جماعت سے وابستہ نہ بتاتے ہوئے اپنے حریف سعید جلیلی پر الزام لگایا کہ وہ انہیں کسی خاص جماعت سے جوڑنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی یہ کہ وہ جو ماضی میں شیڈو گورنمنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے، اب مسند صدارت پر بیٹھ کر ملک کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے کیوں کہ نظریے اور عمل میں بہت فرق ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں امیدواروں کی انتخابی مہم کا سلسلہ جمعرات کی صبح تک جاری رہے گا اور دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔