میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہمہ تن گوش ہوکر آپ کی باتیں سنوں گا، منتخب صدر مسعود پزشکیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر نے کہا ہے کہ میں ایران کی معزز قوم کی خدمت کے لئے تیار ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ ہمہ تن گوش ہوکر آپ کی باتیں سنوں گا ۔ انہوں نے اپنے اس خطاب میں ملی یکجہتی کی تقویت اور سبھی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں عوام کی مشارکت بڑھانے کا وعدہ کیا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے ہفتے کی شام حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مطہر میں اپنی انتخابی کمیٹوں کے افراد اور اراکین کے اجتماع میں کہا کہ میں پارلیمنٹ کے ساتھ افہام و تفہیم اور تعاون کے ذریعے کشیدگی کو دور کرنے کا خواہاں ہوں۔ منتخب صدر نے مزید کہا کہ عاشورا کی ایک اہم وجہ یہ تھی کہ کوفے کے بعض لوگوں نے امام حسین کو بلایا لیکن انہوں نے اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا۔ نومنتخب صدر پزشکیان نے کہا کہ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کو آنے کو کہا لیکن انہوں نے امام کو تنہا چھوڑ دیا اور وہ بہتر افراد کے ساتھ شہید ہوگئے۔ اور یہی چيز عاشورا کے وجود میں آنے کا باعث بنی اور چودہ سو برس سے یہ خون جوش مار رہا ہے۔ منتخب صدر نے کہا کہ میں نے اس الیکشن میں کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کیا ہے۔ میں نے ایسا کچھ نہیں کہا کہ جس پر کل عمل نہ کر سکوں اور پھر پتہ چلے کہ یہ جھوٹ تھا۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ ہم برسوں سے صرف اپنی تقریروں میں وعدے کرتے آ رہے ہیں اور پھر اپنے وعدے پورے نہیں کرتے، یہ ہم حکمرانوں کا سب سے بڑا مسئلہ ہے- نومنتخب صدر نے کہا کہ یہ جو انتخابات ہوئے، پرامن انتخابات تھے اور ووٹوں کی صحیح طریقے سے گنتی ہوئی، اس سلسلے میں ہمیں سب سے پہلے رہبر معظم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ اگر وہ نہ ہوتے تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ میں کامیاب ہوسکوں گا، اور یہ بھی ان کی قیادت و رہنمائی کے سبب ہوا۔
پزشکیان نے کہا کہ میں یہاں امام خمینی (رہ) کے مرقد میں امام الشہداء سے عہد کرتا ہوں کہ امام (رہ) اور شہداء کے راستے کو جاری رکھوں گا۔ ہم ، تمام ایرانی عوام کے پیروں کی خاک ہیں۔ ہم آپ سب ایرانی عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں۔
منتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں آپ کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کو اپنی گردن پر ایک سنگین طوق سمجھتا ہوں اور وعدہ کرتاہوں کہ آپ کی باتیں سنوں گا اور ان پر عمل کروں گا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ حق بات کہنے اور منصفانہ مشورہ دینے سے گریز نہ کرو بنابریں میں مولا علی کے اس قول کے مطابق میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ حق کہنے اور مجھے مشورہ دینے سے کبھی گریز نہ کریں کیونکہ میں خود کو خطاؤں اور غلطیوں سے بالاتر نہیں سمجھتا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں اپنی حکومت میں باہمی گفت و شنید اور ملی یک جہتی کے فروغ کے لئے کام کروں گا اور سبھی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں عوام کی مشارکت بڑھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اس فرمان کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیں گے کہ "ہم سب ایک ساتھ رہیں، ملک آپ کا اپنا ہے تو پھر ایک ، اس طرف اور ایک اس طرف کیوں جائے؟مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت نظام کے سبھی بنیادی ارکان سے ہم آہنگ ہوکر کام کروں ۔
انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے رہنما فرمودات و ہدایات کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ان انتخابات میں عوام کی مشارکت اور امیدواروں کے درمیان مقابلہ آرائي کے صحیح و سالم رہنے میں رہبر معظم انقلاب کی ہدایات کابنیادی کردار رہا ہے۔
منتخب صدر نے کہا کہ آج سے عوام کے میدان میں موجود رہنے اور اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھنے نیز میری جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے ایک نئے باب کا آغاز ہورہا ہے۔