Aug ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • پیرس اولمپکس میں ایرانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری

ایرانی کھلاڑی حسن یزدانی نے پیرس اولمپکس 2024 میں فری اسٹائل ریسلنگ کے مقابلے میں اور مہران برخورداری نے تائیکوانڈو میں ایران کے لئے چاندی کے تمغے جیت لئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حسن یزدانی سونے کا تمغہ جیتنے کے لئے گزشتہ شب بلغاریہ کے ماگومد رمضانف کے مقابلے میں گئے لیکن حسن یزدانی کے کندھے کی انجری کی وجہ سے متعدد بار یہ مقابلہ روکنا پڑا لیکن اس کے باوجود انہوں نے بڑی بہادری سے یہ مقابلہ جاری رکھا لیکن آخر میں سات ایک سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کیا۔
صدر مملکت مسعود پزشکیان نے چاندی کا تمغہ جیتنے پر حسن یزدانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے عزیز بیٹے کے الفاظ سے مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ایران کے لئے جان بھی قربان" کو سچ ثابت کر دکھایا۔ اولمیپک کا یہ میڈل ہم سب کو مبارک ہو۔
دوسری جانب ایرانی کھلاڑی مہران برخورداری نے تائیکوانڈو کے مقابلے میں اسّی کلوگرام کی کیٹیگری میں پہلے ازبکستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جسوربک جایسانوف کو مقابلے کے آخری لمحات میں شکست دی۔ اس کے بعد وہ عالمی مقابلوں میں سونے کے دو تمغے جیتنے والے اٹلی کے کھلاڑی سیمونہ آلیسو کے مقابلے میں گئے۔ اس شاندار مقابلے میں انہوں نے دو ایک سے اپنے حریف کو شکست دی۔
80 کلوگرام کی کیٹیگری میں سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ جنوبی کوریا کے قومی کھلاڑی سئون گون سے ہوا۔ اس مقابلے میں وہ اپنے حریف کو دو ایک سے ہرانے میں کامیاب رہے ۔ فائنل میں وہ اپنے حریف کو ہرا نہ سکے اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔پیرس اولمپکس کے مقابلوں کے چودھویں دن کے اختتام پر ایرانی کھلاڑیوں نے سونے کے دو ، چاندی کے چار اور برنز کے دو تمغے جیت لیئے ہیں اور اس طرح وہ تیئسویں نمبر پر ہے۔ جبکہ آج بھی کئی ایرانی کھلاڑیوں کے تمغے جیتنے کی امید ہے۔

ٹیگس