Aug ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خلاف کارروائی ہمارا جائز حق، علی باقری

اسلامی جمہوریہ ایران نے غزہ پٹی میں جارحیت کا سلسلہ بند کئے جانے کے مطالبے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کے خلاف جوابی کارروائی کے اپنے جائز حق پر تاکید کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اٹلی کے وزیر خارجہ اینٹونیوں تایانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے غزہ پٹی میں گذشتہ دس مہینوں سے جاری صیہونی حکومت کے جرائم اور جنگ کا دائرہ پورے علاقے میں پھیل جانے کی جانب اشارہ کیا اور صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ میں نسل کشی اور جرائم کا سلسلہ بند کرنے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور رخنہ اندازی کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

باقری کنی نے کہا کہ دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے پر صیہونی حکومت کا میزائلی حملہ ، بیروت میں ایک رہائشی علاقے میں بزدلانہ کارروائی اور پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری مہمان کا قتل ، علاقے کے تمام ممالک میں جنگ کا دائرہ پھیلانے کے لئے صیہونیوں کی کوششوں کا کھلا مصداق ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں اٹلی کے وزيرخارجہ اینٹونیوں تایانی نے بھی باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف میدانوں بالخصوص علاقے کے حالات و مسائل کے بارے ميں گفتگو کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت کی جانب اشارہ کیا اور غزہ پٹی میں فوری جنگ بندی کے لئے امریکہ ، قطر اور مصر کے منصوبے کو آگے بڑھانے پر تاکید کی ۔

اٹلی کے وزیرخارجہ نے علاقے میں کشیدگی بڑھنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی غزہ میں جنگ بندی میں مدد کے لئے تمام فریقوں سے صبر و تحمل کا مطالبہ کرتا ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات اور علاقے کے مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

ٹیگس