Aug ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی :  فوجی میدان میں دشمن کی نفسیاتی جنگ کا مقصد خوف پھیلانا اور پسپا کرنا ہے

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ قرآن کے مطابق، وہ پسپائی اور عقب نشینی جو ٹیکٹیکل اور حکمت عملی پر استوار نہ ہو، چاہے وہ فوجی میدان میں ہو چاہے، سیاسی، ابلاغیاتی، اور اقتصادی میدانوں میں، غضب الہی کا باعث ہوتی ہے

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج تہران میں صوبہ کہگیلویہ و بویر احمد کے شہیدوں کی قومی کانفرنس کے مجلس منتظمہ کے اراکین سے ملاقات میں اپنی گفتگو کے دوران فرمایا کہ ایران کے دشمن اور بدخواہ نفسیاتی جنگ اور خوف کا ماحول پیدا کرکے چاہتے ہیں کہ  ایرانی عوام مختلف میدانوں میں پسپائی اختیار کرلیں۔

  آپ نے فرمایا کہ بدخواہوں کی اس چال کو ناکام بنانے کا راستہ یہ ہے کہ  اپنی توانائيوں کو سمجھیں  اور بدخواہوں کی توانائی کو بڑھا کربیان کرنے سے پرہیز کریں۔

 رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ شہیدوں نے اپنی مجاہدت اور فداکاری سے دشمن کی اس نفسیاتی جنگ کا مقابلہ کیا اور اس کو ناکام بنایا۔

آپ نے فرمایا کہ شہیدوں کی یاد منانے کے پروگرام میں اس حقیقت کو بیان کرنے اور اس کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

 رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دشمن کی توانائیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کئے جانے کو ایران اسلامی اور ایرانی قوم کے خلاف نفسیاتی جنگ کا بنیادی عنصر قرار دیا ۔

 آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی ابتدا سے ہی دشمنوں نے مختلف حربوں سے  ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ امریکا، برطانیہ اور اسرائیل سے ڈرنا چاہئے۔ 

 آپ نے عوام  کے دلوں سے یہ خوف نکالنے اور ان کے اندر اپنے آپ پر یقین اور خود اعتمادی وجود میں لانے  کو حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا عظیم کارنامہ قرار دیا۔ 

 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہماری قوم میں یہ احساس پیدا ہوا کہ وہ اپنی اندرونی طاقت و توانائی پراعتماد کرکے عظیم  کارنامے انجام دے سکتی ہے اور دشمن اتنا طاقتور نہیں ہے جتنا  ظاہر کیا جارہا ہے۔

آپ نے فرمایا کہ اس وقت بھی دشمن فوجی میدان میں اپنی نفسیاتی جنگ کے ذریعے یہ کوشش کررہا ہے کہ خوف پھیل جائے اور ایرانی عوام پیچھے ہٹ جائيں۔

 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ قرآن کریم کے الفاظ میں، فوجی، سیاسی، ابلاغیاتی یا اقتصادی، کسی بھی میدان میں ایسی پسپائی جو ٹیکٹیکل اور حکمت علمی کے تحت نہ ہو، غضب الہی کا باعث ہوتی ہے۔ 

 

ٹیگس