کربلا کے راستے پر ایرانی نوجوانوں کا ہجوم
اسلامی جمہوریہ ایران کے حج و زیارت کے ادارے میں ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا ہے کہ محرم کے آغاز سے اب تک کل پچیس لاکھ زائروں نے مقدس مقامات کا سفر کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے سیاسی نامہ نگار کے مطابق مہران فرشید نے ارنا سے ایک گفتگو میں کہا کہ اب تک تقریباً پچیس لاکھ ایرانی زائرین اربعین حسینی میں شرکت کےلیے زمینی اور فضائی راستوں سے عراق میں مقدس مقامات کی طرف سفر کر چکے ہیں، جن میں سے تقریباً دو لاکھ گيارہ ہزار پانچ سو عازمین کی عمر بارہ سے اٹھارہ سال کے درمیان ہے۔ تین لاکھ چورانوے ہزار زائروں کی عمر اٹھارہ سے تیس سال کےدرمیان ہے اور آٹھ لاکھ تیئیس ہزار سے زائد زائروں کی عمریں تیس سے پینتالیس سال کے درمیان ہے جو کہ کل زائروں کی تعداد کا ساٹھ فیصد حصہ ہیں۔
ادارہ برائے حج و زیارت کے انفارمیشن و ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اربعین حسینی میں حاضری کے لیے عراق جانے والے پچیس لاکھ ایرانی زائرین میں سے تقریباً سولہ لاکھ مرد اور باقی خواتین ہیں۔واضح رہے کہ شیعوں کے تیسرے امام حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے چالیسویں دن کی مناسبت سے ہر سال دنیا بھر سے خصوصاً ایران سے لاکھوں لوگ مختلف شہروں سے کربلا تک پیدل مارچ میں حصہ لینے کے لئے عراق جاتے ہيں۔