Aug ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی ٹیلی فونی گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ میں نسل کشی اور غاصب اسرائيل کے جرائم کے مقابلے کے لئے اسلامی ممالک کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال خصوصا غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کا جائزہ لیا۔ ایران اور ملائشیا کے سربراہوں نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ پٹی کے فلسطینیوں سے متعلق امریکہ اور بعض یورپی ممالک کے اقدامات اور پالیسیوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان ممالک کی جانب سے کی جانے والی صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی اور تشہیراتی حمایت کو انسانی حقوق کے دفاع، غزہ میں جنگ بندی کی کوشش کے دعووں کےمنافی اور غزہ کے نہتےاور مظلوم عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم کا سلسلہ جاری رہنے کا موجب قرار دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم و جرائم کی روک تھام اور نسل کشی کے خاتمے کے لئے اسلامی ممالک کے باہمی اتحاد اور مربوط اقدام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

ٹیگس