پاکستانی زائرین کی بس کو ایران میں حادثہ، 28 افراد جاں بحق + ویڈیو
پاکستانی زائرین کی حامل ایک بس ایران میں تلخ اور خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے باعث اٹھائیس افراد کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق زائرینِ حسینی کی حامل اس بس کو مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب یزد صوبے کے تفت علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اٹھائیس زائرین جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشیر تفت چیک پوائنٹ کے سامنے یہ بس الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔
بس میں ترپن زائرین سوار تھے جو عراق میں اربعین حسینی میں شرکت کے مقصد سے ایران کے چذابہ بارڈر کی جانب جا رہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکالنے کے بعد انہیں اسپتالوں منتقل کیا۔ بعض ذرائع ابلاغ نے بریک فیل ہو جانے کو اس حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں چودہ خواتین سمیت پچاس افراد سوار تھے۔ بعض ذرائع نے مسافرین کی تعداد ترپن بتائی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ بس صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے روانہ ہوئی تھی اور سبھی جاں بحق افراد کا تعلق لاڑکانہ سے ہی تھا۔