Aug ۲۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • صہیونیوں نے مسجد الاقصیٰ پر حملہ کرکے ریڈ لائن عبور کی ہے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور امت اسلامیہ کی ریڈ لائنز کو عبور کرنے کی صیہونیوں کی نئی مہم جوئی کے حوالے سے سخت خبردار کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ مجرم صیہونی حکومت کی کابینہ مسجد الاقصیٰ کے حوالے سے اپنے مذموم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ بےشرمی کے ساتھ مسجد الاقصیٰ میں عبادت گاہ بنانے کے ناپاک ارادے کو ظاہر کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس قسم کے بیانات اور منصوبوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسجد الاقصیٰ کے مقدس مقام پر کسی بھی طرح کی تجاوزات اور امت اسلامیہ کی ریڈ لائنز کو عبور کرنے کی صیہونیوں کی نئی مہم جوئی کے خلاف خبردار کرتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انسانی ضمیر کی بیداری اور صہیونیوں کے جرائم سے عالمی نفرت کے باعث آج پوری دنیا کے مسلمان اور حریت پسند فلسطین اور الاقصیٰ کی حمایت کے لئے آواز بلند کرتے ہوئے صہیونی مجرموں کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی ٹولے کے انتہا پسند وزیر بن گویر نے مسجد الاقصیٰ میں ایک یہودی عبادتگاہ بنانے کی تجویز دی تھی جس کے بعد اقوام متحدہ کے علاوہ اردن، مصر سعودی عرب سمیت متعدد ملکوں نے اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُسے اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔ یہاں تک کہ امریکہ نے بھی صیہونی وزیر کے اس بیان پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔

ٹیگس