Sep ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۶ Asia/Tehran
  • رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن (‏‏ع) پر عالم اسلام سوگوار و عزادار

عالم اسلام رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن (‏‏ع) پر سوگوار و عزادار ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران میں رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ  علیہ و آلہ و سلم کی رحلت جانگداز اور نواسۂ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر کی مساجد و امام بارگاہوں اور مقامات مقدسہ میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں ۔ بعض شہروں میں جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہیں۔

آج ساری دنیا بالخصوص ایران و عراق میں، نبی رحمت ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور آپ کے نواسے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی رحلت و شہادت کا سوگ منایا جا رہا ہے۔

آج اٹھائیس صفر کی غم انگیز تاریخ ہے کہ جب سنہ گیارہ ہجری میں حضرت رحمت للعالمین کی رحلت اور سنہ پچاس ہجری میں آنحضرت کے نواسے حضرت حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت ہوئی ۔ اسی مناسب سے آج ایران و عراق سمیت پورا عالم اسلام غم و اندوہ میں ڈوبا ہوا ہے اور ہر سو عزاداری و سوگواری کا ماحول ہے۔

عراق و ایران میں سبھی مقامات مقدسہ سیاہ پوش ہیں اور مرسل اعظم اور آپ کے اہل بیت علیہ السلام کے چاہنے والوں کی عقیدت کا قبلہ بنے ہوئے ہیں ۔ خاص طور پر آج نجف اشرف میں واقع وصی رسول حضرت امام علی علیہ السلام کا روضہ اقدس سوگواروں سے لبریز ہے جہاں لاکھوں ملکی و غیر ملکی زائرین آپ کی خدمت میں آپ کے ابن عم نبی رحمت اور آپ کے فرزند حسن مجتبیٰ کا پرسہ پیش کر رہے ہیں۔

عزاداروں اور سوگواروں کا ایک لا متناہی سلسلہ ہے جو حرم علوی کی جانب رواں دواں ہے۔ بہت سے لوگ دوردراز علاقوں سے پاپیادہ بارگاہ علوی میں پہچے ہیں ۔

ادھر ایران میں بھی مشہد قم شیراز اور تہران کے مقدس مقامات میں عزاداروں کا ہجوم ہے جو خاصان خدا اہلبیت علیہم السلام کی خدمت میں اپنی والہانہ عقیدتوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ دسیوں ہزار پاپیادہ زائرین اپنے رؤف آقا حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی غرض سے مشہد مقدس پہنچ رہے ہیں جو ماہ صفر کے اختتام تک مشہد میں قیام پذیر رہیں گے۔

اتوار کی شام سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ ماہ صفر کے اختتام یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔ عراق، شام، لبنان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجالس غم اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جا رہے ہیں ۔

سحر عالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس