ایران اور روس کا تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی اکبر احمدیان نے اپنے دورہ ماسکو میں روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شویگو سے ملاقات میں زنگزور کے بارے میں اپنے ملک ٹھوس اور اٹل موقف پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی اکبر احمدیان روس کے اہم دورے پر ماسکو میں موجود ہیں جہاں انہوں نے روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات میں علی اکبر احمدیان نے تمام شعبوں خاص طور پر اقتصادی میدان میں ایران اور روس کے تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شویگو نے اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کے حوالے سے روس کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور روس زنگزور کے بارے میں ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا پابند ہے۔ انہوں نے خلیج فارس میں واقع تین ایرانی جزیروں کو ایران کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ قرار دیا اور کہا کہ روس ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔