امریکہ اور یورپی ممالک الزام تراشی کی پالیسی ترک کریں، ایرانی وزارت خارجہ
امریکہ اور یورپی ممالک کو الزام تراشی کی فرسودہ پالیسی ترک کرنی ہوگی، یہ بات ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مغربی ممالک کے حالیہ الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران کے سلسلے میں گزشتہ روز یورپی یونین کے سربراہ سمیت امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ کے معاندانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ کنعانی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یورپی یونین کے سربراہ نے بعض سیاسی لابیوں کے دباؤ میں آکر حقائق پر توجہ دیے بغیر ماضی کے غلط طریقہ کار پر اصرار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں بے بنیاد دعوے کی ایک اور اسٹریٹجک غلطی متعصبانہ انداز میں دہرائی ہے۔
انہوں نے یورپی یونین کے عہدیداروں کے غیر سنجیدہ موقف کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یورپی یونین اور چند فریب خوردہ ممالک کو ایران کے نئے صدارتی انتخابات میں قوم، حکومت اور اسلامی جمہوری نظام کے درمیان ثابت شدہ گہرے تعلق کے بارے میں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بیہودہ اور بے نتیجہ الزامات سے گریز کرتے ہوئے ایران مخالف ناکام پالیسیوں کو ترک کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کا سہارا لینے کی ناکام پالیسی کا ذکر کیا اور خبردار کیا کہ غلط اور غیر تعمیری روش پر اصرار نہ صرف مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ یہ طرز عمل بذات خود ایک مسئلہ ہے جس سے یونین کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو مخاطب کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں تعاون کرنے پر انہیں سخت ہدف تنقید بنایا۔