اسرائیل علاقے اور عالمی امن و سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے قانونی و بین الاقوامی امور کے سیکریٹری نے غاصب صیہونی حکومت کو علاقے اور عالمی امن و سلامتی کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے قانونی و بین الاقوامی امور کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ناوابستہ تحریک کے اجلاس میں غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے مکمل مصداق ہیں اور غاصب صیہونی حکومت، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔
انھوں نے صیہونی حکومت کی حمایت اور اسے تحفظ فراہم کئے جانے کو مقبوضہ علاقوں میں بدترین المیہ رونما ہونے کا باعث قرار دیا۔
کاظم غریب آبادی نے لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں بے گناہ عام شہریوں کا اجتماعی قتل عام ہو رہا ہے۔
انھوں نے تاکید کی کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت انسانیت اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کو کوئی اہمیت نہیں دیتی اور وہ امریکی حمایت کے نتیجے میں بلا جھجھک ہر قسم کے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔