بچوں کی خوبصورت اور معصوم دنیا کو بڑوں کی جنگ سے آلودہ نہيں کرنا چاہیے: صدر ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ بچوں کی خوبصورت اور معصوم دنیا کو بڑوں کی جنگ اور اقتدار پسندی سے آلودہ نہيں کرنا چاہیے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یوم اطفال کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاک و صاف دنیا بچوں کا حق ہے اور انھیں ہنگامہ خیز دنیا سے دور رہ کر چین و سکون سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ غزہ پٹی میں ہزاروں بچوں کے قتل عام نے اس سال یوم اطفال کو دنیا کے لئے تلخ بنا دیا ہے۔
اسرائیلی حکومت نے امریکہ کی حمایت سے سات اکتوبر سے غزہ پٹی کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی و بربادی اور بھوک و افلاس کے ساتھ ہی ہزاروں افراد شہید و زخمی ہو چکے ہيں جن میں اکثر بچے اور خواتین ہيں ۔
رپورٹوں کے مطابق صیہونی فوجی، سات اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پٹی کے محصور علاقے میں تقریبا سترہ ہزار بچوں کو شہید کر چکے ہيں۔
تشدد ، خوف ، دربدری ، بھوک اور یتیمی آج غزہ کے بچوں کی سب سے بڑی تشویش و تکلیف ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں سات اکتوبر کو یوم اطفال منایا جاتا ہے۔