حرم امام رضا(ع) کے مرکزی میوزیم میں 700 سے زائد تمغے اور میڈلز پائے جاتےہیں
آستان قدس رضوی کے میوزیم کو قیمتی اور ثقافتی اشیاء عطیہ کرنے والے حضرت امام علی رضا(ع) کے عقیدت مندوں میں قومی کھلاڑیوں اور قومی ہیروز کو خاص مقام حاصل ہے جنہوں نے اپنے قیمتی ایوارڈز اور تمغوں کو حرم امام رضا(ع) کے میوزیم کو عطیہ کر کے اپنا نام امام (ع) کے عقیدت مندوں کی فہرست میں شامل کیاہے۔
سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ انقلاب اسلامی کے آغاز میں حرم امام رضا(ع) کے مرکزی میوزیم میں کھلاڑیوں کے تمغوں کا خزانہ مرحوم غلام رضا تختی کے عطیہ کردہ تمغوں کے ساتھ قائم کیا گیا،لیکن بہت سارے کھلاڑیوں اور ممتاز علمی شخصیات کی جانب سے کئی دیگر تمغے عطیہ کرنے کی وجہ سے مؤرخہ 29 جون 1999 میں تمغوں کے اس خزانے کو توسیع دی گئی۔ اس وقت حرم امام رضا علیہ السلام کے اس میوزیم میں جہاں پہلوان تختی، پہلوان سوختہ سرایی کے تمغے موجود ہیں وہیں پیرا اولمپیکس اور عالمی کھلیوں میں وطن عزیز کے قومی ہیروز اور کھلاڑیوں نے جو تمغے اور ٹرافیاں جیتی وہ بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 2011 میں 20 ویں عالمی تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں جیتنے والی ٹرافی، خلیج فارس سائیکلسٹ گروپ کی تندیس، 1996 میں ایشیائی فٹ بال مقابلوں میں بہترین کھلاڑی کو ملنے والے گولڈن بال سمیت علی رضا نصر آزادانی کے تائیکوانڈو میں جیتے گئے 28 میڈلز اور کشتی میں امیر توکلیان اور مجید خدایی کے تمغے بھی موجود ہے۔ ہم نے قومی ہیروز اور کھلاڑیوں کی جانب سے عطیہ کئے جانے والے تمغوں اور میڈلز کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے آستان قدس رضوی کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن جناب امیر خالقی سے گفتگو کی۔
جناب خالقی نے بتایا کہ انقلاب اسلامی سے اب تک 700 تمغے اور میڈلز میوزیم کو عطیہ کئے گئے ہیں لیکن ہم نے ان میں سے فقط خاص تمغوں اور میڈلز کو نمائش کے لئے میوزیم میں رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے میڈلز اور تمغے عطیہ کرنے کی شرائط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈل یا تمغے میں کریڈٹ ریٹنگ کے لحاظ سے ضروری شرائط ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر تمغے کا تعلق چیمپئین شپ یا نائب چیمپئین شپ یا ایشیائی چیمپئین شپ یا اولمپک چیمپئین شپ سے ہونا چاہیے۔
جناب خالقی نے بتایا کہ رواں سال کے ہر مہینے میں ایک یا دو تمغے حرم امام رضا(ع) کے مرکزی میوزیم کو عطیہ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ عطیہ کرنے والے افراد کو سب سے پہلے باقاعدہ تمغے، میڈل یا ٹرافی کی تصویر یا سرٹیفکیٹ وغیرہ کے ساتھ تحریری طور پر درخواست دینی پڑتی ہے ، درخواست موصول ہونے پر آستان قدس رضوی متعلقہ سپورٹ بورڈ کی انتظامیہ کے ساتھ خط و کتابت کے ذریعہ اس کی تصدیق کرواتا ہے ، تحقیقات کے نتائج اور حتمی تصدیق کے بعد کھلاڑی کو آستان قدس رضوی کے خرچہ پر حرم امام رضا(ع) میں مدعو کیا جاتا ہے جہاں پر مختلف شعبوں کے نمائندوں کی موجودگی میں تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے اور کھلاڑی سے تمغہ وصول کر کے آستان قدس رضوی کے ادارہ نذورات کی تحویل میں دیا جاتا ہے۔