Nov ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • اس مرتبہ تہران کا جواب صیہونیوں کے تصور سے کہیں بالاتر ہوگا: سپاہ پاسداران

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف جنرل حسین سلامی نے صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا ہے کہ اس مرتبہ تہران کا جواب صیہونیوں کے تصور سے کہیں بالاتر ہوگا۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے شہداء کی یاد میں ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم خدا پر مکمل ایمان کے ساتھ میدان جنگ میں قدم رکھتی ہے اور دشمن کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملادیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا دفاع مقدس سے موسوم آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ثابت ہوگیا کہ ایک قوم پوری دنیا کے سامنے قیام کرتی ہے تو اس کا ایمان مزید مضبوط ہوتا ہے۔

جنرل سلامی نے مزید کہا کہ آج اسلام کے دشمنوں نے غزہ پر قبضے کے لئے گٹھ جوڑ کیا ہے لیکن راہ خدا میں تربیت پانے والوں نے فلسطین کی سرزمین تک دشمن کے پاؤں جمنے نہیں دیئے تاہم دشمنان اسلام نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر نے صیہونی دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ صادق دو آپریشن میں دشمن کی فضا ایرانی میزائلوں سے لبریز ہو گئی تھی، صہیونی حکومت نے دوبارہ غلطی کی ہے اور اس بار ہمارا جوابی اقدام دشمن کے تصور سے کہیں بالاتر ہوگا۔

ٹیگس