روس کا میر بینکنگ سسٹم ایران کے شتاب بینکنگ سسٹم سے متصل
ایران کے مرکزی بینک کے اعلان کے مطابق روس کا میر بینکنگ سسٹم ایران کے شتاب بینکنگ سسٹم سے متصل ہو جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے مرکزی بینک کے رابطہ دفتر نے اعلان کیا ہے کہ آج پیر کے دن ایک تقریب کے انعقاد کے ساتھ ہی، جو ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ اور بینکنگ حکام کی شرکت سے منعقد ہوا، روس کا میر بینکنگ سسٹم ایران کے شتاب بینکنگ سسٹم سے متصل ہو جائے گا ۔
اس اعلان کے مطابق ایران کے اے ٹی ایم کارڈ روس کی اے ٹی ایم مشینوں میں قابل استعمال ہو جائیں گے اور ایرانی شہری، روس میں اس ملک کی اے ٹی ایم مشینوں میں ایران کے اے ٹی ایم کارڈ سے استفادہ کرتے ہوئے روسی کرنسی حاصل کر سکیں گے اور اسی طرح روسی شہری ایران میں اپنے ملک کے اے ٹی ایم کارڈ سے ایران کی اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے ایرانی کرنسی نکال سکیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کارڈوں کے ذریعے دکانوں سے سامان خریدنے کا سسٹم بھی قائم کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں تقریبا پانچ ماہ قبل دونوں ملکوں کے سینٹرل بینکوں کے سربراہوں کے دو طرفہ اجلاس میں ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے تاکہ ایران اور روس کے شہری ایک دوسرے کے ملکوں میں اے ٹی ایم کارڈوں کے ذریعے اپنی قومی کرنسی کی متبادل قومی کرنسی حاصل کرسکیں۔