پورے ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں بنت رسول کی شہادت کا سوگ
بنت رسول صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا علیہا سلام کی شہادت کی مناسبت سے ساری دنیا بالخصوص ایران و عراق میں نہایت عقیدت کے ساتھ عزاداری اور سوگواری کا سلسلہ جاری ہے
سحرنیوز/ایران: ایران میں آج بنت رسول صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا علیہا سلام کی شہادت کے موقع پر سوگواری اور عزاداری کا سلسلہ پورے ملک میں اپنے عروج کو پہنچ گیا ہے۔ تمام مقامات مقدسہ بالخصوص مشہد اور قم سوگواروں اور عزاداروں سے لبریز ہیں۔ بڑی تعداد میں غیر ملکی زائرین اس وقت مشہد مقدس اور قم میں موجود ہیں جہاں مختلف زبانوں میں مجالس عزا اور سوگواری کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تہران میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے بھی مجالس عزا کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صدیقہ اطہر کی زندگی کے بعض پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں خصوصی نمائشیں بھی لگائی گئی ہیں۔
اُدھر عراق سے بھی اطلاعات ہیں کہ سبھی مقدس مقامات بالخصوص نجف اشرف میں حضرت امام علی علیہ السلام کے روضے پر عزاداران فاطمی کا جم غفیر ہے۔ ہندوستان و پاکستان میں بھی ایام فاطمیہ کی مناسبت پر عظیم الشان مجالس، جلوسہائے عزا، نشستوں اور حتیٰ نمائشوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں اہل بیت علیہ السلام کے چاہنے والے سیرت فاطمی سے آشنا ہو رہے ہیں۔