مصر اور ایران کے صدور کی ملاقات
ایران اور مصر نے باہمی تعلقات سے متعلق مثبت اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران:ڈی ایٹ اجلاس کے میزبان ملک مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی سے صدر ایران مسعود پزشکیان کی ملاقات اور گفتگو ہوئی جس میں فریقین نے تہران قاہرہ تعلقات کی مکمل بحالی کے لئے ہو رہے مثبت اقدامات کا سلسلہ جاری رہنے پر اتفاق کیا۔
صدر ایران مسعود پزشکیان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تمام اسلامی ممالک کو اتحاد، آپسی مفاہمت اور گفتگو کی فضا کو ہموار رکھنے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے کیوں کہ اگر ایسا نہ ہوا تو بیگانہ طاقتوں کی مداخلت کے لئے زمین ہموار ہو جاتی ہے۔ اس ملاقات میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی کہا کہ غزہ، لبنان اور شام کے حالیہ واقعات کی وجہ سے خطے کو بڑے خطرات لاحق ہیں۔ السیسی نے شام میں صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس جارحیت کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ڈی ایٹ کی سائیڈ لائن پر ترک صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ایران کے صدر کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں ایران کے صدر نے واضح کیا کہ شام میں تبدیلیاں، اس ملک کی ارضی سالمیت کی ضمانت کے ساتھ ہونی چاہئیں۔ صدر ایران نے علاقے میں صیہونیوں کی ہنگامہ آرائی اور جارحیت کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا اور کہا کہ اگر امت اسلامیہ کے مابین اتحاد اور یکجہتی ہوتی تو صیہونی حکومت کو ایسی کارروائیوں کی جرات تک نہ ہوتی۔ اس موقع پر ترک صدر نے بھی شام کے استحکام اور ارضی سالمیت کے تحفظ کو انقرہ کے لیے اہم قرار دیا۔ اردوغان نے ایران اور ترکیہ کے تعلقات میں فروغ کو علاقے کے استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔