Jan ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  •  ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان تاریخی دورے پر ماسکو پہنچے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان روس کے سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہيں جہاں ہوائي اڈے پر ان کا شاندار استقبال کیا گيا

سحرنیوز/ایران: صدر ایران مسعود پزشکیان روس کے صدر ولادیمیر پوتین کی سرکاری دعوت پر ماسکو پہنچے ہیں جس کا مقصد دو طرفہ تعلقات میں توسیع اور ایران اور روس کے درمیان جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کرنا ہے۔ جمعہ کے روز ماسکو کے وینوکووو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا استقبال روس کے وزیر توانائی سرگئی سیوی لیف اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کمیشن کے روسی فریق کے سربراہ اور روسی نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو اور کئی دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے کیا۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایران کے صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا- صدر کے طیارے پر گہری دوستی کی علامت کے طور پر ایران اور روس کے پرچم نصب تھے۔صدر پزشکیان نے ماسکو میں روس کے گمنام سپاہیوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
صدر ایران ماسکو میں اپنے ہم منصب اور وزیر اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ دوطرفہ مذاکرات کے اختتام پر ایران اور روس کے اعلی سطحی وفود، پزشکیان اور پوتین کی سربراہی میں، تہران اور ماسکو کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط بھی کریں گے۔روسی تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات بھی صدر پزشکیان کے پروگرام میں شامل ہے۔

ٹیگس