امریکہ اور مغرب کے دوہرے معیاروں پر تنقید، ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے قانونی اور بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر نے جنیوا میں ایران کی پہل پر منعقدہ اجلاس میں انسانی حقوق کے دوہرے معیار اور غیر منصفانہ نظام پر تنقید کی۔
سحرنیوز/ایران: جنیوا میں جمعرات کو ایران کی پہل اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سیاسی میکانزم کے زیر نگرانی ممالک کی شرکت سے منعقد ہونے والے اجلاس میں؛ وزارت خارجہ کے قانونی اور بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر کاظم غریب آبادی نے دوہرے معیاروں اور انسانی حقوق کو حربے کے طور پر استعمال کئے جانے کے رجحان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ انسانی حقوق کا دعوی کرنے والوں نے ہمیشہ ہی پابندیوں اور دہشت گردی جیسے چیلنجز ہمارے لئے پیدا کئے اور ہمارے عوام کے حقوق کو بڑے پیمانے پر پامال کیا اور پوری بے شرمی کے ساتھ ہمیں جواب دینے کے بجائے ہم پر ہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہيں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہم نے غزہ میں دسیوں ہزار سے زیادہ لوگوں کے قتل کا مشاہدہ کیا ہے اور انسانی حقوق کی پاسداری کے دعویدار ممالک نے صیہونی حکومت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ اس کی حمایت ہی کی ہے۔
اجلاس میں شریک دیگر ممالک کے نمائندوں نے بھی اس اجلاس کے انعقاد کے ایران کے اقدام پر شکریہ ادا کیا، انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نگرانی کا موجودہ طریقہ کار غیر موثر، انتخابی اور سیاسی ہے۔