ایران کی غیرملکی تجارت میں نمایاں اضافہ
گزشتہ ایک سال کے دوران مغربی ایشیا کے ملکوں کے ساتھ ایران کے تجارتی و اقتصادی لین دین کی بیلنس شیٹ مثبت ہوگئي ہے۔ ایران کے محکمہ فروغ تجارت کے شعبہ مغربی ایشیا نے مغربی ایشیا کے ملکوں کے ساتھ تجارت کی تفصیلات جاری کیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے محکمہ فروغ تجارت کے شعبہ مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل عبدالامیر ربیہاوی نے رواں ایرانی سال کے ابتدائی نو مہینوں میں مغربی ایشیا کے ملکوں کے ساتھ تجارت کی تفصیلات جاری کیں۔
انہوں نے اس حوالے سے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مدت میں عراق کے ساتھ تجارت میں 35 فیصد، متحدہ عرب امارات کے ساتھ 11 فیصد، ترکیہ کے ساتھ 59 فیصد ، کویت کے ساتھ 31 فیصد، شام کے ساتھ 21 فیصد، قطر کے ساتھ 14 فیصد، اردن کے ساتھ 508 فیصد، عمان کے ساتھ 15 فیصد، لبنان کے ساتھ 30 فیصد اور سعودی عرب کے ساتھ ایران کی تجارت میں 9795 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایران کے محکمہ فروغ تجارت کے شعبہ مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ایران کی تجارت کی سطح 2 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، لبنان کے ساتھ 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 2 کروڑ 30 لاکھ، اور بحرین کے ساتھ 70 لاکھ سے بڑھ کر 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہوگئی۔