ایران علاقے کی ایک بڑی طاقت بنے گا: چیف آف اسٹاف جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ تمام پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران مستحکم انداز میں مسلسل ترقی کر رہا ہے اور بہت جلد ایک بڑی علاقائی طاقت بن جائے گا۔
سحرنیوز/ایران: جنرل محمد باقری نے ایران کے پہلے "ڈرون کیریئر" جہاز کی بحریہ کی فلیٹ میں شامل ہونے کے موقع پر کہا کہ انقلاب سے قبل 90 فیصد فوجی وسائل درآمد کیے جاتے تھے جبکہ اس وقت 90 فیصد فوجی وسائل اور ہتھیار ملک کے ہی نوجوان ماہرین اور پرعزم سائنسداں تیار کر رہے ہیں۔ جنرل محمد باقری نے کہا کہ ایران کی فوجی ترقی کی مثال کم نظیر ہے اور اپنے استحکام اور ارضی سالمیت کی حفاظت کے لیے اپنی دفاعی طاقت میں روزبروز اضافہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اپنی اس اہم ذمہ داری سے آگاہ ہیں اور دن رات اسے پوری کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
![](https://media.sahartv.ir/image/4c92f756b827442kuul_800C450.jpg)
چیف آف اسٹاف نے کہا کہ ایران کی ممتاز جغرافیائی پوزیشن اور کھلے سمندروں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مفادات کے تحفظ کے لیے مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے "شہید بہمن باقری" ڈرون کیریئر کے بارے میں بھی بتایا کہ یہ جہاز ایک پورٹیبل اور متحرک فوجی بیس کی مانند ہے جسے ایرانی عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے دنیا کے کسی بھی علاقے میں بھیجا جا سکتا ہے۔