Feb ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۸ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی سے حماس کے رہنماؤں کی ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج حماس کی قیادتی کونسل کے اراکین سے ملاقات میں کہا ہے کہ استقامتی فلسطینی محاذ نے غزہ کی جنگ میں صرف غاصب صیہونی حکومت کو ہی نہیں بلکہ امریکا کو بھی شکست دی ہے۔

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے شہید اسماعیل ہنیہ اور حماس کے دیگر شہید کمانڈروں کو یاد کرتے ہوئے حماس کے وفد کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ لوگوں نے صیہونی حکومت بلکہ درحقیقت امریکہ کو شکست دی ہے اور بفضل الٰہی انہیں آپ لوگوں نے اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
آپ نے فرمایا کہ اللہ نے آپ اور غزہ کے عوام کو عزت و فتح عطا کی اور غزہ کو خدائے سبحان نے اس آیت کا مصداق قرار دیا کہ کبھی ایک قلیل گروہ باذن خدا ایک بڑے اور طاقتور گروہ پر غالب آ جاتا ہے۔
رہبر انقلاب نے جنگ بندی مذاکرات میں شامل حماس کے مذاکرات کاروں کی قدردانی کرتے ہوئے ان کے ماحصل کو ایک عظیم نتیجے سے تعبیر کیا۔ آپ نے فرمایا کہ غزہ والوں نے بڑے رنج و الم سہے ہیں مگر ان کا نتیجہ حق کی باطل پر کامیابی تھا اور ساتھ ہی یہ کہ غزہ والے پورے مزاحمتی محاذ سے عقیدت رکھنے والوں کے لئے آئیڈیل بن گئے ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے فرمایا کہ آج پوری عالم اسلام کی ذمہ داری ہے اہل غزہ کے مصائب و آلام اور مشکلات کو کم کرنے کے لئے مدد کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے اسی طرح فرمایا کہ بفضل خدا وہ دن آئے گا کہ آپ لوگ تمام تر سربلندی کے ہمراہ عالم اسلام کے لئے بیت المقدس کا مسئلہ حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور یہ دن یقینی طور پر آئے گا۔ اس ملاقات میں حماس کے قیادت کونسل کے سربراہ اسماعیل درویش نے رہبر انقلاب اسلامی کو غزہ میں فلسطینی مزاحمت کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ غزہ کی کامیابی اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے ایک ساتھ ہونے کو نیک شگون سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ مبارک ملاپ، بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کی آزادی کی راہ ہموار کرے گا۔ اسماعیل درویش کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم ایسے حالات میں آپ سے ملاقات کے لئے آئے ہیں کہ ہم سب سربلند ہیں اور یہ عظیم کامیابی ہماری اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مشترکہ کامیابی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آج حماس کی قیادتی کونسل کے چیف کے ہمراہ تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ اور مغربی کنارے میں حماس کے سربراہ زاہر جبارین نے تنظیم کے دیگر اراکین کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔

ٹیگس