اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ اور جشن آزادی کا عالمی میڈیا میں وسیع پیمانے پر انعکاس
اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ پر ایرانی قوم کے جشن آزادی کا عالمی میڈیا میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ پر ایرانی قوم کے جشن اور ریلیوں کو عالمی میڈیا نے شہ سرخیوں میں شامل کیا ۔
ایران میں انقلاب اسلامی کی چھیالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والے جشن اور عظیم الشان ریلیوں کو دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ نے بھرپور کوریج دی ۔ تفصیلات کے مطابق جیسے ہی اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کے جشن کا آغاز ہوا اور عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے، عالمی اور عربی ذرائع ابلاغ نے اس قومی یکجہتی کو اپنی ویب سائٹس اور ٹیلی ویژن چینلز پر نمایاں طور پر پیش کیا۔
دارالحکومت تہران سمیت ملک کے چودہ سو چھوٹے بڑے شہروں نیز پینتیس ہزار سے زائد دیہاتوں میں بھرپور جشن منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دنیا کے مختلف ممالک خاصطور سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے کرگل، پاکستان کے مختلف علاقوں اور مختلف اسلامی ممالک منجملہ لبنان، فلسطین، یمن، اور دیگر ملکوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور یا ایرانی عوام کی ریلیوں کی رپورٹنگ کی گئی جبکہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کرگل میں بڑی ریلی نکالی گئی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بریکنگ نیوز کے طور پر ایرانی عوام کی عظیم الشان شرکت کی رپورٹنگ کی۔ایجنسی کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں ایرانیوں نے انیس سو اناسی کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ منائی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد ایرانی عوام کی یہ پہلی بڑی ریلی تھی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کو بحال کیا ہے۔
یمنی نیوز چینل المسیرہ نے بائیس بہمن کی ریلی کی کوریج کرتے ہوئے رپورٹ دی کہ پیر کی صبح تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے عظیم الشان ریلیوں کا آغاز ہوا۔
اپنی رپورٹ میں المسیرہ نے مزید کہا کہ تہران کے آزادی اسکوائر میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے خطاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
اس چینل نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ اس موقع پر ایرانی پرچم کے ساتھ ساتھ یمن، حزب اللہ لبنان، فلسطین، حشد الشعبی اور دیگر مزاحمتی گروہوں کے جھنڈے بھی لہرائے گئے۔ صیہونی حکام کے علامتی تابوت ریلی کا ایک نمایاں پہلو تھا۔ چینل کے مطابق گیارہ فروری انیس سو اناسی کو امام خمینی رح کی قیادت میں اسلامی انقلاب نے امریکہ کے حمایت یافتہ آمرانہ نظام کو شکست دی ۔ انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کی یہ ریلیاں ایسے وقت میں منعقد ہو ئیں کہ جب امریکہ اور اسرائیل کی دھمکیاں بڑھ رہی ہیں اور ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔
لبنانی نیوز چینل المنار نے بھی ایرانی عوام کی ان ریلیوں کو مختلف شہروں میں براہ راست نشر کیا۔