Feb ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کی تقریبات و جشن کا سلسلہ عروج پر

ایران کے اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کی تقریبات سخت سردی کے باوجود اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: دنیا کے سبھی آزاد ضمیر اور حریت پسندوں کی ڈھارس اور مستکبرین عالم کی آنکھوں کا کانٹا بنا ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن ایران اور دنیا کے دیگر ممالک منجلہ ہندوستان اور پاکستان میں بھی شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

جشن آزادی کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے ہی شروع ہو چکا ہے تاہم آج جشن آزادی کی شب ہے اور جشن آزادی کی تقریبات اپنے عروج کو پہنچ گئی ہے اور آج رات آتش بازی اور نوربارانی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے اور ایران کی فضا آج رات منور ہو گی اور اسلامی اقدار پر استوار انقلاب کی نعمت پر بطور شکرانہ پورے ملک کے غیور عوام آج رات ٹھیک نو بجے صدائے اللہ اکبر بلند کریں گے اور ایران کی فضا اللہ اکبرکے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے گی۔

جبکہ کل 10 فروری یوم آزادی کے موقع پر دارالحکومت تہران سمیت ملک بھر میں جشن انقلاب کی خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی اور اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ پر ملک کے تقریبا ڈیڑھ ہزار شہروں اور تین ہزار دیہی علاقوں میں مختلف شکلوں میں عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اطلاعات کے مطابق پورے ملک میں صبح ٹھیک ساڑھے نو بچے ریلیوں کا آغاز ہوگا۔ اور لوگ سڑکوں پر نکل کر جشن انقلاب منا ئیں گے۔

ایران کا اسلامی انقلاب آج سے 46 سال قبل گیارہ فروری سن انیس و اناسی کو رہبر کبیر خمینی بت شکن (رح) کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا اور آج آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں کامیابی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹیگس