سامراجی طاقتوں کے ایران سے غضبناک ہونے کی بنیادی وجہ کیا ہے؟ رہبر انقلاب اسلامی نے بتا دیا
رہبر انقلاب اسلامی نے جارحیت یا اسلحے کے استعمال کی دھمکیوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کو بہترین اور عالی سطح کا قرار دیتے ہوئے سافٹ وار اور ابلاغیاتی جنگ کے خطرات پر توجہ دینے اور ان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے آج ایک سالانہ قومی مناسبت پر صوبے مشرقی آذربایجان سے آئے لوگوں کے ایک عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن کی ہارڈ وار اور حملوں اور جارحیتوں پر مبنی دشمن کی دھمکیوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت بہترین اور مطمئن سطح کی ہے تاہم ہمیں دشمن کی آغاز کردہ سافٹ وار اور ملک کی رائے عامہ کو منحرف کرنے، انہیں شکوک و شبہات کا شکار بنانے اور ایرانی قوم کو اسلامی نظام سے بدظن کرنے کے لئے دشمن کے ہتھکنڈوں پر توجہ دینے اور ان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب خود کو، ایک آزاد تشخص، اور خطے ہی نہیں بلکہ حتیٰ دیگر اقوام کے لیے ایک عظیم اور امید افزا مرکز کے طور پر برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے اور دنیا کی استعماری اور سامراجی طاقتوں کے اسلامی جمہوریہ ایران سے غضبناک ہونے کی بنیادی وجہ ان کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پائمردی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن ملکی رائے عامہ کو اپنے اختیار میں لینے کے لئے سرگرم عمل ہے، وہ اختلافات کو ہوا دے کر اور اسلامی انقلاب کے بنیادی اصولوں میں شک و تردید پیدا کرکے اس مقصد کو حاصل کرنا چاہتا ہے مگر بفضل خدا اب تک اُسے ناکامی ہوئی ہے اور دشمن کے وسوے ہمارے عوام کے دلوں میں لرزہ پیدا کرنے اور ہمارے نوجوانوں کے عزم و حوصلے کو متاثر کرنے سے قاصر رہے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر پورے ملک میں نکلنے والی پُر ہجوم عوامی ریلیوں کو دشمن کی ناکامی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ قومی نشریاتی ادارے، ملک کے تشہیراتی مراکز، مقررین، مصنفین، فنکار، دانشور، تعلیمی اور فن و ہنر کے مراکز سے وابستہ سبھی افراد اور سوشل میڈیا سے جڑے تمام نوجوانوں کو اپنی توجہ دشمن کی سافٹ وار کے خطرات کا مقابلہ کرنے پر مرکوز کریں۔