لبنانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے حرم امام رضا(ع) میں تقریب کا انعقاد
قائد مزاحمت شہید سید حسن نصر اللہ کے تشییع جنازہ کے دن مؤرخہ 21 فروری2025 بروز اتوار کو لبنانی عوام کے ساتھ ہمدردی کی تقریب حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے ڈپٹی ڈائریکٹر حجۃ الاسلام والمسلمین حسین شریعتی نژاد نے آستان نیوز کے نمائندے سے گفتگو کے دوران اس تقریب کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان المعظم کے اختتامی ایّام میں عالم اسلام لبنان کے شہر بیروت میں مزاحمت کے علمبردار اور عظیم مجاہد شہید سید حسن نصراللہ کے جسد مطہر کی تشییع جنازہ دیکھے گا۔ انہوں نے مزید یہ بتایا کہ مؤرخہ 21 فروری2025 بروز اتوار کو حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینی(رہ ) میں بیروت سے براہ راست شہید سید حسن نصراللہ کی تشییع جنازہ کے مناظر ’’انا علی العھد‘‘ کے عنوان سے براہ راست دکھائے جائيں گے۔ حجۃ الاسلام شریعتی نژاد نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حجۃ الاسلام شیرازی اس تقریب کے دوران خطاب فرمائیں گے اور اہلبیت عصمت و طہارت(ع) کے ذاکرین اور مداح خوان ذکر فضائل و مصائب پڑھیں گے۔ گفتگو کے آخر میں انہوں نے مشہد مقدس کے شہید پرورعوام اور حرم امام رضا(ع) کی نورانی بارگاہ کے زائرین کو اس تقریب میں شرکت کرنے کی دعوت دی تاکہ اس عظیم شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ عالمی استکبار کے خلاف مزاحمتی محاذ کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کی جا سکے۔