صدر ایران اور ناروے کے وزیر اعظم کی ٹیلی فونی گفتگو
ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ناروے کے وزیر اعظم جوناس گار اسٹور نے اتوار کی شام ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی روابط اور اہم ترین عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ناروے کے وزیر اعظم جوناس گار اسٹور نے اتوار کی شام ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی روابط اور اہم ترین عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایران اور ناروے کے درمیان تعاون کا ذکر کرتے ہوئے علاقے میں قیام امن کے لئے ناروے کی کوششوں کی قدردانی کی۔
انہوں نے علاقے اور دنیا کے موجودہ حالات کو بہت حساس قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ علاقے میں امن و سلامتی کے تحفظ اور حتی الامکان جنگ کو روکنے کی کوشش کی ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ صیہونی حکومت اس علاقے میں بحران اور کشیدگی کی جڑ ہے، اس نے جنگ افروزی اور مظلوم فلسطینی عوام کی وسیع نسل کشی کی اور جھوٹے دعوے کرکے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کو بدامنی کا باعث قرار دینے کی کوشش کررہی ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم ہر قسم کی کشیدگی، بد امنی اور لڑائی کو خود علاقے اور دنیا کے نقصان میں سمجھتے ہیں اور ہماری اصولی پالیسی علاقے ميں کشیدگی دور کرنے اور اتحاد قائم کرنے پر استوار ہے۔
ناروے کے وزیر اعظم جوناس گار اسٹور نے صدر ایران کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں رمضان المبارک کی آمد پر ایران کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان ملاقاتوں اور مشاورتوں پر خوشی کا اظہار کیا۔